موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، آج سے نیا سسٹم داخل ہوگا، اربن فلڈنگ کا خطرہ

06-24-2023

(ویب ڈیسک) پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ ملک میں آج سے بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہو گا جس سے آج رات سے 30 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے پیشگوئی کی ہےکہ ملک میں بارش برسانے والا سسٹم آنے کی وجہ سے عید الاضحیٰ پر موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے پیش نظر صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹس ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ کردیا گیا ہے، سسٹم کے تحت آج رات سے30 جون کے دوران لاہور ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارشیں ہوں گی۔  لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالامیں اربن فلڈنگ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے پی ڈی ایم اے کا بتانا ہےکہ سسٹم کے تحت مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور سرگودھا میں بارشیں ہوں گی جبکہ حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالا، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بادل برسیں گے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے29 جون کے دوران ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔ مسافروں اور سیاحوں کو ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسلادھاربارشوں سے 26 اور27 جون کو لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالا میں اربن فلڈنگ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہوگا جبکہ 27 جون کو ڈی جی خان میں سیلابی صورت حال کا اندیشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مسافروں اور سیاحوں کو ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آندھی اور شدید بارشوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد،بالائی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ گرمی کی شدت میں 4 سے 6 ڈگری سنٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سنٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔