ڈراموں میں خواتین کیلئے بہترین کردار مرد رائٹرز نے لکھے: حنا خواجہ بیات

06-24-2023

(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں خواتین کے لیے بہترین کردار زیادہ مرد حضرات نے لکھے۔

ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمان قمر ٹی وی پرعورتوں کے بہترین کردار لکھنے والے تین اہم لکھاریوں میں شامل ہیں اور انہوں نے خواتین کے لیے بہترین کردار لکھے۔ میرے خیال میں خلیل الرحمان قمر، سرمد صہبائی اور محمد احمد نے خواتین کے لیے عمدہ کردار لکھے ہیں۔ خلیل الرحمان قمر کو ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں ’دو ٹکے کی عورت‘ کا ڈایئلاگ لکھنے اور متعدد انٹرویوز میں خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ حنا خواجہ بیات نے مزید کہا کہ مدیحہ امام، صبا قمر، زارا نور عباس اور سجل علی سمیت دیگر اداکارائیں اچھا کام کر رہی ہیں جبکہ عمیر رانا، وسیم سجاد اور وہاج علی کے ساتھ کام کرکے مزہ آتا ہے۔