جناح ہاؤس حملہ کیس: یاسمین راشد کی بریت کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

06-24-2023

(لاہور نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 26 جون کو پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت کرے گا، عدالت نے پولیس سے ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔ خیال رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری کر دیا تھا۔ پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی عدالت کا یاسمین راشد کو مقدمے سے بری کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے، پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ یاسمین راشد کو قانون کے برعکس مقدمے سے ڈسچارج کیا گیا۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس حملہ کیس سے یاسمین راشد کی بریت کی وجہ ناقص تفتیش بنی ہے، 9 مئی کے درج مقدمے میں یاسمین راشد نامزد ہی نہیں تھیں، ایف آئی آر میں یاسمین راشد کی موجودگی صرف جناح ہاؤس کے باہر پائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے جناح ہاؤس حملے میں یاسمین راشد کا نام شامل کیا مگر لاہورپولیس اور پراسکیوشن یاسمین راشد کے خلاف توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں کردارثابت نہ کر سکی۔