پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے 532 این او سی جاری

06-23-2023

(لاہور نیوز) بےروزگاری کے خاتمے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا تاریخی فیصلہ،پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے عرصہ دراز سے زیرالتوا 532 این او سیز جاری کردیے گئے۔

وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ ریکارڈ کی چھان بین کے بعد این او سی کے اجراء کی 879 درخواستیں مسترد ہوئیں، نگران وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی کے احکامات سے قبل پنجاب بھر میں 1422 درخواستیں زیر التوا تھیں۔عامر میر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو تمام رکے ہوئے این او سیز فوراً جاری کرنے کے احکامات دیے تھے، نئے پٹرول پمپس لگنے سے ملازمتوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر پٹرول پمپ پر اوسطاً 30 سے 35 لوگوں کو روزگار ملے گا، پمپس کو این او سیز کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر ہرگز قابل قبول نہیں، قانونی تقاضے پورے کر کے پٹرول پمپس کے این او سیز کا فوراً اجراء کیا جائے۔