کوئی فرد واحد ملک، پارٹی یا آرگنائزیشن کو آگے لیکر نہیں جا سکتا: چودھری سرور

06-23-2023

(لاہور نیوز) چیف آرگنائزر مسلم لیگ و سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کوئی بھی ایک شخص کسی ملک، پارٹی یا آرگنائزیشن کو آگے لیکر نہیں جا سکتا۔

لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ق چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ میرا ملکی سیاست میں آنے کا ایک خواب تھا کہ ایک ایسی سیاسی جماعت بنائی جائے جس میں میرٹ ہو، ایسی جماعت نہ ہو جس میں عہدے سفارش پر بانٹے جاتے ہوں، مسلم لیگ ق میں منیارٹی کمیونیٹیز کی پارٹی کے اندر ایگزیکٹو لیول پر شرکت یقینی بنائے جائے گی۔ انہوں نے کہا ہماری پارٹی، کسانوں، مزدوروں، ٹرید یونینز، یوتھ، خواتین اور مینارٹیز پر مشتمل ہو گی، ہم ان سب طبقات کے حقوق کے لئے بھرپور جدو جہد کریں گے، کامران عثمانی کو میرٹ پر یوتھ کی صدارت دی گئی ہے، مجھے یقین ہے یوتھ ونگ ہماری پارٹی کو آگے لے کر چلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ چند حلقے یہ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی پارٹی میں الیکٹیبلز کی شمولیت بڑی بات ہوتی ہے، چند حلقوں کا خیال ہے کہ آزمائے ہوئے سیاست دان ہی ملک کو آگے لے کر چلیں گے یا ڈبوئیں گے، ہم کوشش کر رہے ہیں ہماری پارٹی ورکرز کو آگے لے کر آئے، ہماری پارٹی مڈل کلاس کو آگے لے کر آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست لوگوں کواکٹھے کرنے کا نام ہے، سیاست میں کسی چیز کو رد نہیں کیا جاسکتا، برطانیہ میں میں ممبر آف پارلیمنٹ عیسائی برادری کی بدولت بنا تھا۔