قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا آئندہ ماہ وطن واپسی کا امکان

06-23-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا آئندہ ماہ پاکستان واپسی کا امکان ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ دبئی جائیں گے، نواز شریف دبئی میں چند روز قیام کریں گے، میاں نواز شریف کے سعودیہ بھی جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے قانونی ٹیم کو گو ہیڈ دے دیا گیا ہے۔ یاد رہے قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نومبر 2019 میں علاج کی غرض سے بیرون ملک منتقل ہوئے تھے، سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے اجازت کے بعد ممکن ہوئی تھی۔ واضح رہے وزیراعظم میاں شہباز شریف فرانس کا دورہ مکمل کر کے لندن پہنچیں گے جہاں وہ پارٹی قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں وزیر اعظم معاشی وسیاسی معاملات کے علاوہ آئندہ نگران سیٹ اپ پر نواز شریف کو اعتماد میں لیں گے۔