قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر کا امکان

06-23-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کی وجہ سے قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیئے جانے میں تاخیر کا خدشہ ہے۔

سلیکشن کمیٹی، شعبہ انٹرنیشنل اور قومی ٹیم مینجمنٹ نے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے ابتدائی مشاورت  کر لی ہے تاہم بورڈ میں تبدیلیوں کے باعث معاملہ تعطل کا شکار ہو گیا ہے، نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان میں تاخیر ہونے کے باوجود اس کا اطلاق یکم جولائی سے ہی ہوگا۔ مینجمنٹ کمیٹی کی مدت مکمل ہونے پر اب قائم مقام چیئرمین الیکشن کمشنر ہیں، نئے چیئرمین کی آمد سے پالیسیوں اور فیصلوں میں بھی تبدیلی کا امکان ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا انتخاب 27 جون کو شیڈولڈ ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ برس ریڈ بال اور وائٹ بال کیٹیگریز متعارف کرائی گئی تھیں، ریڈ بال اور وائٹ بال کیٹیگریز میں اے، بی اور سی کیٹیگریز کے ساتھ ایمرجنگ کیٹیگری بھی شامل کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں 25 فیصد تک اضافہ متوقع ہے، نئے کنٹریکٹ میں کئی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں تبدیلی اور کئی کے ڈراپ ہونے کا امکان ہے۔ اظہر علی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہوچکے ہیں، فواد عالم اور یاسر شاہ کے ساتھ ساتھ نعمان علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور زاہد محمود کا بھی جگہ برقرار رکھنا مشکل نظر آرہا ہے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں حارث رؤف اور نسیم شاہ کو ترقی مل سکتی ہے جبکہ افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ، زمان خان اور اسامہ میر کو کنٹریکٹ ملنے کا قوی امکان ہے۔