قومی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے بھارت جائیگی یا نہیں اعلان جلد کرینگے: دفتر خارجہ

06-23-2023

(ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، قومی ٹیم کی ایونٹ میں شمولیت حکومت اجازت سے مشروط ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹورنامنٹ کے فکسچر کی فہرست کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے، ورلڈکپ میں پاکستان کی شمولیت حکومتی منظوری سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے پاکستان کا موقف ہے کہ سیاست کو کھیلوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے، بھارت کی پاکستان میں کرکٹ نہ کھیلنے کی پالیسی مایوس کن ہے، ہم میگا ایونٹ میں شرکت سے متعلق تمام پہلوؤں کا مشاہدہ اور جائزہ لے رہے ہیں جس میں پاکستانیوں کی سکیورٹی کی صورتحال بھی شامل ہے جبکہ آئندہ آنے والے دنوں میں اپنی شرکت کے حوالے سے جلد اعلان کرینگے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی ورچوئل میٹنگ کے لیے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے جو 4 جولائی کو شیڈول ہے۔