محسن نقوی کا دورہ رحیم یار خان، کچہ پولیس آپریشن میں جوانوں کی حوصلہ افزائی

06-23-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے پہنچ گئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور دیگر پولیس افسران وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور پولیس جوانوں کے جذبے کو سراہا، وزیراعلیٰ محسن نقوی، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور دیگر پولیس افسران نے جوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں قائم پولیس چوکی، ڈسپنسری اور سکول کا بھی دورہ کیا اور شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شدید گرمی و حبس میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کچے کے علاقے میں آیا ہوں، کچے کے علاقے میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور پولیس نے بیشتر ایریا شرپسندوں سے خالی کرالیا ہے، قوم کو پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جنہو ں نے ہر موقع پر جرأت کے ساتھ فرائض ادا کئے۔ محسن نقوی نے کہا آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی بہادری اورجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، کچے کے علاقے میں پائیدار امن کا قیام پہلی ترجیح ہے، علاقے میں ترقی اور خوشحالی امن سے منسلک ہے، شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیا جا رہا ہے، شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی، محسن نقوی نے جنوبی پنجاب میں کپاس کے زیر کاشت رقبے کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ محکمہ زراعت، انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو شاباش دیتے ہیں، کپاس کی کاشت سے 3 ارب ڈالر تک کا زرمبادلہ حاصل ہو گا، ملکی تاریخ میں بڑے پیمانے پر صوبہ پنجاب میں کپاس کاشت کی گئی ہے، جنوبی پنجاب انتظامیہ نے کپاس کی کاشت کے حصول کے لئے انتھک محنت کی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب بریفنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ صوبہ میں 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا، 96 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے، جنوبی پنجاب میں مجموعی طور پر 43 لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی گئی ہے۔