پنجاب حکومت کا قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان

06-23-2023

(ویب ڈیسک ) پنجاب حکومت نے ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کردیا۔

نگران  وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سزا میں کمی کی مدت 2 ماہ سے بڑھاکر 3 ماہ کر دی گئی، سزا میں کمی کا اطلاق سال میں 2 بار ہوسکے گا،8 جیلوں کی انتظار گاہوں میں سہولتیں بہتر بنانے کے پروگرام کا آغاز بھی کر دیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جیلوں میں پی سی اوز کی تعداد میں اضافہ جبکہ قیدیوں کے لئے ویڈیو کال اورانٹرنیشنل کال کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی، جیل ہسپتالوں کا انتظام محکمہ صحت کے سپرد کر دیا گیا، بیرکس میں کیبل کے ساتھ ایل ای ڈی ٹی وی کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران جیل کینٹین کے فرسودہ نظام کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہر جیل میں فیزیکل کینٹین یا بڑے سٹور کی چین یا یوٹیلیٹی سٹور کھولنے کی تجویز دی گئی ہے،جیلوں کی تمام بیرکس اور سیل میں ایئر کولر لگانے کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے ۔ جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس میں قیدی کو پیرول پر رہا کرنے کا اختیار سپرنٹنڈنٹ جیل کو دینے کافیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ نے خصوصی دعوت پر بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی، احد چیمہ نےجیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولتو ں کی فراہمی بارے تجاویز دیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ا حد چیمہ کی تجاویز کو سراہا، محسن نقوی نے جیل ریفارمز پرعملدرآمد بارے ضروری ہدایات دیں۔