قومی ہاکی ٹیم کے غیرملکی کوچ کو1 کروڑ 30 لاکھ روپے تنخواہ کی ادائیگی

06-23-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو غیر ملکی کوچ سیگفرائیڈ کی تنخواہ کی مد میں ادائیگی کر دی۔

پی ایس بی نے غیر ملکی کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کی تنخواہ کی ادائیگی نومبر 2021 تا اپریل 2022 تک جاری کر دی ہے۔ پی ایس بی کی جانب سے پی ایچ ایف کو جاری چیک کی مالیت ایک کروڑ 30 لاکھ 13 ہزار 435 روپے ہے۔ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو نے کوچ کی تنخواہ کی ادائیگی کا چیک سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کے حوالے کیا، ممبر سلیکشن کمیٹی پی ایچ ایف اولمپئن شکیل عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ غیر ملکی کوچ کی تنخواہ کی ادائیگی کے سلسلےمیں خصوصی اقدامات اور تعاون پر ڈی جی پی ایس بی شعیب کھوسو اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری کا شکرگزار ہوں، سپورٹس بورڈ کی جانب سے ابتدائی طور پر غیر ملکی کوچ کی 5 ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کی گئی ہے۔ اولمپئن شکیل عباسی نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو مثالی کام کر رہے ہیں، قومی کھیل کے ساتھ تعاون کرکے ہاکی کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔