یونان کشتی حادثے کے بعد 34 انسانی سمگلرز گرفتار، 54 مقدمات درج کر لیے گئے: ایف آئی اے

06-22-2023

(لاہورنیوز) ایف آئی اے کا یونان کشتی حادثے میں ملوث سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، مختلف شہروں سے 34 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق حادثے میں ملوث انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمات کی تعداد 54 ہو گئی ہے  جبکہ  حادثے کے بعد سے اب تک لاہور سے 19، گجرات سے   7، گوجرانوالہ سے 8 انسانی سمگلرز کو حراست میں لیا گیا ہے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے 5، گجرات سرکل نے 18 اور گوجرانوالہ سرکل نے 31 مقدمات درج کیے ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لاپتہ نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لئے گئےہیں ، نمونے  حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت کیلئے حاصل کئے گئے ہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ لواحقین کی نشاندہی پر ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں، سانحہ میں ملوث تمام انسانی سمگلرز کی گرفتاری تک انٹیلی جنس بنیادوں پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔