پرویزالہٰی کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں واپس لینے پر کیس نمٹا دیا گیا

06-22-2023

(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر کیس نمٹا دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے چودھری پرویز الہٰی کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے سینئر وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ جونیئر وکیل نے بتایا کہ منی لانڈرنگ کے مقدمے میں چودھری پرویز الہٰی جوڈیشل ہوچکے ہیں۔ جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہم درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے حفاظتی ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر کیس نمٹا دیا۔ یاد رہے کہ چودھری پرویز الہٰی نے اینٹی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ پرویز الہٰی کی جانب سے دائر درخواست میں ایف آئی اے اور پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ پرویزالہٰی سابق وزیراعلیٰ پنجاب رہے، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔