طبی ماہرین کا گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ

06-22-2023

(لاہور نیوز) ہیٹ ویو، ہیٹ سٹروک اور سن برن سے پریشان شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔ طبی ماہرین نے گرمی سے بچاؤ کیلئے مختلف احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

شہر میں گرمی کی لہر بدستور جاری ہے۔ شدید گرمی کے باعث فلو، یرقان، ٹائیفائیڈ، گیسڑو اور ہیضہ کی بیماریاں عام ہونے لگیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد ان بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ رہی ہے۔ جناح ہسپتال، میو ہسپتال، جنرل ہسپتال، سروسز اور گنگارام ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں مریضوں کا رش لگا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں میو ہسپتال میں گیسٹرو، ہیضہ، ہیٹ سٹروک، نزلہ، زکام کے 38 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ جناح ہسپتال میں 3 ہزار سے زائد ، سروسز ہسپتال میں 28 سو، گنگارام ہسپتال میں 24 سو کے قریب مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر 2 ہزار سے زائد مریض علاج معالجہ کیلئے جنرل ہسپتال پہنچے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد منیر نے بیماریوں میں اضافے کی وجہ شدید گرمی کو قرار دیا ہے۔ طبی ماہرین نے بیماریوں سے بچاؤ کیلئے غیر معیاری مشروبات اور خوراک سے پرہیز کرنے اور پانی ابال کر پینے کا مشورہ دیا ہے۔