5 ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد

06-22-2023

(لاہور نیوز) پنجاب کابینہ نے 5 ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویزمسترد کر دی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 18 واں اجلاس ہوا۔ 5ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی گئی۔ سٹمپ ایکٹ 1899 کے فرسٹ شیڈول میں ترامیم، سٹمپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں آئی ٹی کے کاروبار،  تعلیم، ٹریننگ پر تمام ٹیکس اور ڈیوٹیز ختم کر دی گئی۔ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالے سے مختلف امور کی منظوری دی گئی۔ 1500سے 2000 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں ایک فیصد کمی کی اجازت دی گئی۔ ان گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کے برابر کر دی گئی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ میں سبسڈی میں کمی کیلئے نان فیئرریونیو جنریشن ماڈل کی منظوری دی گئی۔ میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دی جا سکے گی۔ سپیشل افراد کے حقوق کیلئے کونسل کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے محکمہ معدنیات کی جانب سے رواں مالی سال 12 ارب روپے کے ٹیکس وصولی کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 14 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنے کی کارکردگی کی تعریف کی۔