شدید گرمی نے لیسکو کی کارکردگی کا پول کھول دیا، ٹرانسفارمرز جواب دینے لگے

06-22-2023

(لاہور نیوز) شدید گرمی نے لیسکو انتظامیہ کی کارکردگی کا پول بھی کھول دیا ، گرمی بڑھتے ہی بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ، لیسکو ٹیمیں ریکوری میں مصروف، صارفین خوار ہوکر رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق بجلی کے ترسیلی سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی لیسکو کے اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز جواب دے گئے ، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔ گزشتہ رات بھی سسٹم اوور لوڈ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ، ٹرانسفارمرز جلنے سے متعدد علاقے رات سے بجلی سے محروم ہیں، لاہورکےعلاقوں تاجپورہ، اسلامیہ پارک، مزنگ،امین پارک ،بادامی باغ ،داتا نگر اور شاد باغ سمیت متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہو چکے ہیں۔  مزنگ وارث روڈ ، جوہر ٹاؤن ،ٹھوکر نیاز بیگ، سمن آباد، شاہدرہ، گڑھی شاہو ،مصطفیٰ آباد،عامر ٹاؤن، ہربنس پورہ اور مغل پورہ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔