ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، ارشد ندیم انجری کا شکار

06-21-2023

(ویب ڈیسک) ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا لگ گیا، ارشد ندیم انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اور ایشین ایسوسی ایشن کے نائب صدر اکرم ساہی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے فٹ نہیں ہیں،ارشد ندیم فٹ نہیں ہیں یہ ملک کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، نیشنل گیمز میں ارشد ندیم کو حصہ نہیں لینا چاہیے تھا ، ہم نے کہا تھا کہ یہ واپڈا کی جانب سے حصہ نہ لے ، ہماری بات نہیں مانی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے پاکستان کا سوچنا چاہیے ، ایتھلیٹک ٹریک بھی ٹھیک نہیں جہاں ارشد ندیم ان فٹ ہوا، واپڈا کے چیئرمین سے درخواست کروں گا کہ قومی اثاثے کے حوالے سے پوچھیں کہ ایسا کیوں کیا گیا؟ ارشد ندیم واپڈا کا ملازم ہے یہ مزاحمت نہیں کر سکتا تھا، ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہاں ٹریک ٹھیک نہیں ہے، یہ ہم سب کے لیے ایک بری خبر ہے ۔