معاشی بحالی پلان:وزیر اعظم نے ایپکس، ایگزیکٹو اور عملدرآمد کمیٹیاں تشکیل دیدیں

06-21-2023

(لاہور نیوز) وفاقی حکومت کا معاشی بحالی پلان، عملدرآمد شروع ہو گیا، وزیراعظم نے ایپکس کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ ایگزیکٹو کمیٹی اور عملدرآمد کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی کریں گے جبکہ عملدرآمد کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی کریں گے، ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوا کرے گا، ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ جبکہ عملدرآمد  کمیٹی کا اجلاس ہر پندرہ دن بعد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کی عملدرآمد  کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا، عملدرآمد کمیٹی بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق روڈ میپ تیار کرے گی، گلف ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے جاری منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔ عملدرآمد  کمیٹی آئل ریفائنری پالیسی پر سفارشات مرتب اور ایئرپورٹس میں بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بھی غور کرے گی، عملدرآمد  کمیٹی فوری نوعیت کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر روڈ میپ تیار کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عملدرآمد  کمیٹی ترجیحی منصوبوں کو شارٹ لسٹ بھی کرے گی، منصوبوں میں گرین فیلڈ آئل ریفائنری لگانے سے متعلق بھی غور ہو گا، وفاقی حکومت کو منصوبے کے تحت 5 سال میں 100 بلین ڈالر سرمایہ کاری کی امید ہے۔