معیشت مضبوط ہوتی تو نوجوان یونان کشتی حادثے میں لقمہ اجل نہ بنتے: فردوس عاشق

06-21-2023

(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یونان میں کشتی الٹنے سے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی موت کسی سانحے سے کم نہیں ہے، 7 روز گزر جانے کے بعد بھی انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کوئی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں عدم توازن کا شکار سیاسی اور معاشی حالات لوگوں کو اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور کر رہے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی معاشی، سیاسی استحکام کے نظریہ اور نصب العین کے تحت معرض وجود میں آئی ہے، ملک کی غیر مستحکم معاشی و سیاسی صورت حال پر قابو پا کر عوام کو خوشحال بنایا جا سکتا ہے، استحکام پاکستان پارٹی حقیقی عوامی نمائندوں کی جماعت ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ ہم نے ہر دور میں عوام کی نمائندگی کی ہے اور اب بھی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، انتشار کی سیاست کو ختم کر کے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہو گا، روزی روٹی کی تلاش میں نوجوان اپنا ملک چھوڑ کر پردیس جا رہے ہیں، اللہ نہ کرے کہ قوم کو دوبارہ ایسا کوٸی سانحہ دیکھنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت مضبوط اور مستحکم ہوتی تو شاید یہ نوجوان اس طرح پردیس میں لقمہ اجل نہ بنتے بلکہ آج اپنے ملک میں روزی روٹی کما کر اپنے بیوی بچوں کے ساتھ بہتر زندگی گزار رہے ہوتے، انسانی سمگلنگ میں ملوث ہر مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہو گا، مجرموں کو قرار واقعی سزا دینا ناگزیر ہو چکا ہے تاکہ انسانی جانوں سے کھیل کر دولت کمانے والوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جا سکے۔