شہریوں کی خدمت و حفاظت میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں: آئی جی پنجاب

06-21-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کیجانب سے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی درخواستوں پر داد رسی کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔

 آئی جی پنجاب نے سائلین کو مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی، ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی اوز کوشہریوں کے مسائل مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ کرکے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، خواتین، بزرگوں اور بے سہارا  افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سنٹرل پولیس آفس آنے والے ہر درخواست گزار کی شکایت  کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھ کر سنیں اور داد رسی کریں، ایس ایچ اوز، سپروائزری افسران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پولیس سٹیشنز انصاف کی فراہمی کا بنیادی مرکز ہیں، شہریوں کی خدمت و حفاظت میں کوتاہی  ہرگز برداشت نہیں۔