دن کو سونا آپ کو ڈیمینشیا سے بچا سکتا ہے

06-21-2023

(ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن کے وقت نیند کا لیا جانا بڑھاپے میں ڈیمینشیا سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن میں کی جانے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے 40 سے 69 سال کی عمر کے درمیان 3 لاکھ 78 ہزار 932 برطانویوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ کچھ لوگ جینیاتی وجوہات کی بنا پر دن کے اوقات میں سو جاتے ہیں۔ اسکین بتاتے ہیں کہ دن میں سونے والوں کے دماغ 2.6 سے 6.5 برس کم عمر ہوتے ہیں۔ تحقیق کی سینئر مصنفہ ڈاکٹر وکٹوریا گارفیلڈ کے مطابق دن کی قلیل مدتی نیند کچھ لوگوں کے دماغ کی صحت برقرار رکھنے کے لیے مددگار ہوسکتی ہے۔ امید ہے یہ تحقیق دن میں سونے کے متعلق مختلف قیاس آرائیوں کو ختم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ محققین کے مطابق دوپہر کے ابتدائی وقت میں 30 منٹ سے کم وقت کی نیند بہترین ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ عمل رات کو مناسب نیند نہ لینے کی صورت میں دماغ کو پہنچنے والے نقصان سے بچا سکتی ہے۔ گزشتہ برس کیے گئے ایک سروے کے مطابق ہر پانچ میں ایک برطانوی شہری کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے دن میں نیند لیتے ہیں، جن میں بوڑھے افراد کی شرح زیادہ ہے۔ سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ 60 سال سے زائد عمر کے 27 فی صد افراد دن میں اکثر نیند لیتے تھے جبکہ 25 سال سے کم عمر افراد میں شرح 13 فی صد تھی۔