منی لانڈرنگ کیس، پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

06-21-2023

(لاہور نیوز) ضلع کچہری نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا، پرویز الہٰی کو ایف آئی اے کی ٹیم نے صبح کیمپ جیل سے حراست میں لیا تھا، پرویز الہٰی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے مقدمہ پر سماعت کی، پرویز الہٰی کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا انتظار نے دلائل دیے، پراسیکیوشن نے عدالت سے پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جبکہ سابق وزیراعلیٰ کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی اور انکے بیٹے نے منی لانڈرنگ کی، 2004 میں ایک کمپنی بنائی گئی جس میں 71 فیصد شیئرز ان کے ہیں یہ آف شور کمپنی ہے، یہ کمپنی پانامہ میں شامل ہے، کمپنی میں مونس الہٰی کے 23 فیصد شیئرز ہیں، ٹریکٹر بنانے والی کمپنی کے لائسنس کی میعاد 2012 میں ختم ہو چکی ہے، 2016 میں انہیں رقم منتقل کی گئی آف شور کمپنیوں کے ذریعے پیسہ پاکستان منتقل کیا گیا۔ ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ پرویز الہٰی سے مکمل ریکارڈ چاہیے اور تفتیش کرنی ہے ملزم کا 14 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ پرویز الہٰی کے وکیل رانا انتظار نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیے کہ جس مقدمے میں پرویز الہٰی کو گرفتار کیا گیا ہے اس میں پہلے بھی انکوائری ہو چکی ہے، پرویز الہیٰ کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔  عدالت نے دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا۔