گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو

06-21-2023

(لاہور نیوز) گرمی کی شدت بڑھی تو لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی نہ آنا معمول بن گیا، لیسکو کی طلب پانچ ہزار ایک سو میگا واٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

گرمی کی شدت بڑھی تو لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہوگیا ، سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی تکنیکی خرابیوں نے صارفین کا جینا محال کردیا ہے،  شہر میں اعلانیہ  اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، متعدد علاقوں میں رات  بھر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کی بجلی کی طلب 5100 میگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے، این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4600 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، یوں لیسکو کو 500 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے ۔  صوبائی دارالحکومت کے شہری علاقوں میں 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ  شیڈول کے برعکس مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ  ہو رہی ہے،  دیہی اور گنجان آباد علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 5 سے 6 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے ۔ سسٹم اوور لوڈ ہونے سے ٹرپنگ اور ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔