ساف انتظامیہ کی میچ ری شیڈول کرنے سے معذرت، پاکستان ،بھارت آج مدمقابل

06-21-2023

(ویب ڈیسک) ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپئن شپ (ساف کپ) کی انتظامیہ نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی درخواست پر آج بدھ کو شیڈول پاک بھارت میچ ری شیڈول کرنے سے معذرت کرلی۔

پاکستان فٹبال ٹیم بھارتی ویزے ملنے میں تاخیر کی وجہ سے بروقت بنگلورو نہیں پہنچ پائی، قومی ٹیم منگل کی شام ماریشیس سے روانہ ہوئی اور وہ بدھ کی صبح آٹھ بجے بنگلوروپہنچے گی اور اسے وہاں پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بھارت کیخلاف میچ کیلئے میدان میں اترنا ہوگا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس سے قبل ویزا میں تاخیر اور لاجسٹک مسائل کی بنیاد پر ساف کپ کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ ایونٹ میں آج بدھ کو ہونے والا پاک بھارت میچ ری شیڈول کرلیا جائے تاہم تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ساف انتظامیہ نے ایسا کرنے سے معذرت کرلی اور کہا ہے کہ ایک میچ ری شیڈول کرنے کی وجہ سے پورے ٹورنامنٹ پر اثر پڑ سکتا ہے۔ اس سے قبل پاکستان فٹبال ٹیم کو اتوار کی صبح بنگلورو کیلئے روانہ ہونا تھا مگر اسے وقت پر ویزے نہیں مل سکے تھے جس کی وجہ سے پاکستان ٹیم طے شدہ پروگرام کے مطابق بھارت نہیں پہنچ سکی۔