نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی تحلیل کر دی گئی

06-21-2023

(ویب ڈیسک) وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی تحلیل کردی۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ نے نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق منیجمنٹ کمیٹی کی مدت پوری ہونے پر تحلیل ہوئی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرن انچیف کے نامزد کردہ الیکشن کمشنر کو پی سی بی کے معاملات سپرد کردیے گئے ہیں۔ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف نے احمد شہزاد فاروق رانا کو الیکشن کمشنر مقرر کیا تھا۔ خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تنازع چلا آ رہا تھا، ن لیگ چاہتی تھی کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے معاملات کو بہتر انداز سے چلا رہے ہیں اس لیے انہیں ہی برقرار رکھا جائے جبکہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا حق ہے، حکومت اگر نجم سیٹھی کو رکھنا چاہتی ہے تو انہیں کہیں اور لگا دیا جائے۔ تاہم نجم سیٹھی خود ہی بورڈ کی چیئرمین شپ کی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے۔