ورلڈکپ : پاکستان کی افغانستان کیخلاف وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست

06-21-2023

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس سال ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں افغانستان کے خلاف مجوزہ وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔

پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنے فیڈ بیک میں ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز میں سے ایک میچ میں ٹیم تبدیل کرنے کو کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے کہا ہے کہ وارم اپ کیلئے افغانستان کے بجائے کسی غیر ایشین حریف سے میچ رکھا جائے تاکہ پاکستان کیلئے مفید ثابت ہوسکے۔ پی سی بی نے اس سلسلے میں یہ جواز پیش کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان سے مقابلہ کرچکی ہوگی اس لیے دوبارہ وارم اپ میچ میں کھیلنا زیادہ مفید نہیں ہوگا لہٰذا غیر ایشیائی ٹیم سے میچ کرادیا جائے۔ خیال رہے کہ رواں سال ورلڈکپ بھارت میں کھیلا جائے گا۔