پاکستان نے برطانیہ کی جانب سے تجارتی سکیم بحالی کے اقدام کو خوش آئند قرار دے دیا
06-20-2023
(ویب ڈیسک) برطانوی حکومت کی جانب سے ڈی سی ٹی ایس سکیم بحال کرنے کے اقدام کو پاکستان کی جانب سے خوش آئند قرار دے دیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ڈی سی ٹی ایس کے آغاز سے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا، ڈی سی ٹی ایس کے تحت پاکستان سے برآمد ہونے والی 94 فیصد اشیا برطانیہ تک ڈیوٹی فری رسائی کی اہل ہوں گی، پاکستان ڈی سی ٹی ایس کے تحت برآمدی محصولات میں تقریباً 120 ملین ڈالر کی بچت کرے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈی سی ٹی ایس کا مقصد پاکستان اور 64 دیگر ممالک کو ٹیرف میں کمی اور تجارت کی آسان شرائط کے ذریعے بہتر تجارتی مواقع فراہم کرنا ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت 4.4 بلین ڈالر ہے جس میں ڈی سی ٹی ایس کے نفاذ سے نمایاں اضافے کی توقع ہے، پاکستانی برآمد کنندگان کو برطانیہ کی مارکیٹ میں زیادہ مسابقت میں سہولت ملے گی۔ وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے مزید کہا ہے کہ ڈی سی ٹی ایس دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے، پاکستانی معیشت میں ٹیکسٹائل، زراعت اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں کی توسیع کی حوصلہ افزائی متوقع ہے۔