محکمہ اینٹی کرپشن کا پرویزالہٰی کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ
06-20-2023
(ویب ڈیسک) محکمہ اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویزالہٰی کو ضمانت منظور ہونے کے بعد ان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی کیخلاف بہت سی انکوائریز چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن میں درج مقدمات میں پرویز الہٰی ضمانت پر ہیں، انکوائریز مکمل کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن نے 3مرتبہ مختلف مقدمات میں گرفتار کیا تھا۔ واضح رہے کہ کچھ گھنٹے قبل اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کی تھی۔ تاہم بعد ازاں ایف آئی اے حکام نے ان کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں ایک اور مقدمہ درج کیا ہے۔