وزیر اعظم نے پی سی بی گورننگ باڈی کے لیے دو نئے ممبر نامزد کردیئے

06-20-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کے لیے دو نئے ممبران کی منظوری دے دی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے لیے ذکاء اشرف اور مصطفیٰ رمدے کے نام بھجوائے گئے ہیں، ذکاء اشرف کا نام وفاقی وزیراحسان مزاری کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے سمری منظوری کے بعد وزارت بین الصوباٸی رابطہ کو بھجوا دی ہے، ان دوناموں کے ساتھ پی سی بی کا دس رکنی بورڈ مکمل ہو جائے گا۔ پی سی بی قوانین کے تحت اب گورننگ بورڈ کا ایک خصوصی اجلاس بلایا جائے گا جس میں نئے کرکٹ بورڈ سربراہ کا انتخاب ہوگا، روایت کے تحت وزیراعظم کی جانب سے نامزد افراد میں سے ہی کسی ایک فرد کا چیئرمین پی سی بی کیلئے انتخاب ہوتا ہے، امکان ہے کہ چیئرمین پی سی بی کا الیکشن رواں ہفتے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کی سربراہی کرنے والے نجم سیٹھی چیئرمین بورڈ کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں جس کے بعد ذکاء اشرف چیئرمین کے عہدے کے لیے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔