سرفراز احمد ورلڈکپ سکواڈ میں شامل ہونگے؟ چیف سلیکٹر نے بڑی بات کہہ دی

06-20-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ورلڈکپ 2023 کیلئے سرفراز احمد کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے امید دلانا شروع کردی۔

کرکٹ پاکستان کو ایک انٹرویو میں ہارون رشید نے کہا کہ ٹیسٹ فارمیٹ میں سابق کپتان سرفراز احمد نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈکپ میں انکی شمولیت کیلئے کارکردگی جانچنا ضروری ہے، میگا ایونٹ کی ٹیم کیلئے ابھی کافی وقت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم میں انکا نام شامل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ سرفراز احمد نے حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن مختصر فارمیٹ میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔ چیف سلیکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ ورلڈکپ سے قبل کسی بھی کھلاڑی کی اہمیت کو خارج نہیں کیا جاسکتا، سلیکٹرز میگا ایونٹ کیلئے حتمی سکواڈ کے انتخاب کے وقت ہر کھلاڑی کی خوبیوں اور کمزوریوں کا بغور جائزہ لیں گے۔ ہارون رشید نے کہا کہ ایشیا کپ سری لنکا میں شیڈول ہے جبکہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے ابھی نہیں جانتے کہ کیا فیصلہ ہوگا، تاہم وہاں سپنرز کیلئے سازگار پچز ہوں گی۔ قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے عندیہ دیا تھا کہ ورلڈکپ کی ٹیم میں سرفراز احمد کی شمولیت واضح نہیں تاہم بہت سے کھلاڑی میگا ایونٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔