پی سی بی گورننگ بورڈ کی تشکیل کیلئے اہم اجلاس آج طلب
06-20-2023
(ویب ڈیسک) پی سی بی گورننگ بورڈ کی تشکیل کیلئے اہم اجلاس آج طلب کرلیا گیا، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی صدارت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس آج شام طلب کیا گیا ہے، چیئرمین نجم سیٹھی صدارت کریں گے، اجلاس کا بنیادی ایجنڈا پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کی تشکیل ہے۔ رپورٹ کے مطابق میٹنگ میں ڈیپارٹمنٹس اور ریجنز کے4، 4 نمائندوں کی منظوری لی جائے گی۔ وزیراعظم نے مینجمنٹ کمیٹی کو گورننگ بورڈ بنا کر الیکشن کروانے کا ٹاسک سونپا تھا۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی دوڑ سے خود کو الگ کرلیا ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی میں نجم سیٹھی، شکیل شیخ، ہارون رشید، ایزد سید، تنویر پانے زئی اور گل زادہ کاکڑ شامل ہیں جبکہ شاہد آفریدی اور ثناء میر نے مینجمنٹ کمیٹی میں کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔