سپیشل سینٹرل کورٹ کا دوران ٹرائل بیرون ملک فرار ہونیوالے ملزمان بارے بڑا فیصلہ

06-20-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے دوران ٹرائل بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان سے متعلق خصوصی عدالتیں تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے ملزمان جو بیرون ملکوں میں ہیں وفاقی حکومت عدالتوں کے نوٹسز کی تعمیل کرانے کے لیے سپیشل کورٹ تشکیل دے تاکہ عدالتی نوٹسز کی بیرون ملک میں تعمیل ہوسکے، کئی مقدمات کے ملزمان بیرون ممالک میں ہیں وہ عدالتی اشتہاری بھی ہوچکے ہیں، ایسا نظام وضع کیا جائے جس سے بیرون ممالک میں ملزمان کو ٹرائل کا حصہ بنایا جائے۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ عدالتی نوٹسز کی تعمیل کے ذریعے ملزمان کو ٹرائل کا پابند کرایا جائے، عدالت نے وفاقی حکومت کو متعدد احکامات کو جاری کیے مگر اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوسکا، عدالت کو اپنے احکامات پر عملدرآمد کرانا آتا ہے ، انصاف میں تاخیر اور وفاقی حکومت کے رویے سے شہریوں کے انصاف کے سسٹم سے اعتماد کو ٹھیس پہنچے گی۔ واضح رہے عدالت نے ملزمہ سلوا علی حسن کے بیرون ملک فرار ہونے اور عدالتی احکامات کی تعمیل نہ ہونے پر تحریری فیصلہ جاری کیا، سپیشل سینٹرل عدالت کے جج بخت فخر بہزاد نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔