پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے الیکشن، 7 اضلاع میں سکروٹنی کا کام مکمل

06-19-2023

(بلال عقیل) پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی الیکشن کیلئے پیش رفت جاری ہے، 7 اضلاع میں سکروٹنی کا کام مکمل کر لیا گیا۔

اس عمل کو ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ کے میچز کے ساتھ منسلک کر دیا گیا تھا تا کہ صرف حقیقی اور فعال کلبز کو ہی پی ایف ایف کے انتخابات میں ووٹنگ کا حق حاصل ہو، 7 اضلاع میں ابھی تک 125 کلبز کو زیر غور لایا گیا تھا، اس دوران 77 میچز کا انعقاد کیا گیا۔ 27 ٹیمیں غیر حاضر رہنے کی وجہ سے سکروٹنی کے عمل سے باہر ہو گئیں، عید سے قبل مزید 4 اضلاع میں سکروٹنی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، پی ایف ایف کی جانب سے جولائی میں 38 اضلاع کے مجموعی طور پر 1487 کلبز کی اہلیت جانچ لی جائے گی۔ پاکستان فٹبال کنیکٹ پروگرام کے سربراہ سعود ہاشمی نے کہا ہے کہ پی ایف ایف کے صاف اور شفاف انتخابات کیلئے سکروٹنی کا عمل جلد سے جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس ضمن میں اچھا آغاز ہوا ہے، اگلے مرحلے میں دائرہ کار بڑھاتے ہوئے تمام اضلاع تک لے جائیں گے۔ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ کلبز کی رجسٹریشن کے سلسلے میں ابھی تک ہونے والی پیش رفت سے مطمئن ہوں، پاکستان کو فٹبال کا ایک ایسا سسٹم دے کر جانا چاہتے ہیں جس سے پالیسیوں میں استحکام آئے اور ملک میں کھیل کے فروغ کیلئے کام کرنے والے حقیقی نمائندوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ آ سکے۔