یونان کشتی حادثہ: لواحقین کی معاونت کیلئے وزارت داخلہ میں کوآرڈی نیشن سیل قائم

06-19-2023

(ویب ڈیسک) یونان کشتی حادثہ کے معاملے پر وزارت داخلہ میں کوآرڈی نیشن سیل قائم کر دیا گیا جس کا وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کوآرڈی نیشن سیل میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت صحت، وزارت اوورسیز اور ایف آئی اے کے نمائندے شامل ہوں گے، کوآرڈی نیشن سیل یونان میں ہونے والے کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے متعلق معلومات حاصل کرے گا۔ کوآرڈی نیشن سیل جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے معاونت کرے گا۔ اس حوالے سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے رابطہ بھی کرے گا، ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد رپورٹس یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو بھیجی جائیں گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے، ضرورت پڑنے پر کسی اور شہر میں بھی کوآرڈینیشن سیل کا کیمپ آفس قائم کیا جا سکے گا۔