یونان کشتی حادثہ، لواحقین ڈرنے کے بجائے ایجنٹ کا نام بتائیں: ایف آئی اے
06-19-2023
(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ کشتی حادثے کے شکار افراد کے اہل خانہ متاثرین ہیں، ڈرنے کے بجائے ایجنٹ کا نام بتائیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ رانا عبدالجبار کا کہنا تھا کہ متاثرین ان کیسز میں گواہ بھی ہیں، ان کو آئین کے مطابق تحفظ حاصل ہو گا، کشتی حادثے کے شکار افراد کے اہل خانہ ہم سے رابطہ کریں، انسانی سمگلرز کے خلاف مقدمات میں گواہ کا بیان انتہائی اہم ہوتا ہے۔ رانا عبدالجبار کا کہنا تھا کہ تین انسانی سمگلرز گرفتار ہیں ان سے تفتیش کی جا رہی ہے، دیگر ممالک میں بیٹھے انسانی سمگلرز سے متعلق بھی ان ممالک سے رابطے میں ہیں، یونان میں کشتی کے حادثے کا جیسے ہی علم ہوا تو اس حوالے سے معلومات حاصل کی گئیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے 19 ہزار 55 مشتبہ مسافروں کو آف لوڈ کیا، یہاں سے ایجنٹ ان افراد کو دبئی لےکر جاتے ہیں، آج کل ایجنٹ افریقی ممالک بھی لوگوں کو بھجواتے ہیں، گزشتہ سال یورپ سے 34 ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔ ایف آئی اے کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے حوالے سے معلومات فراہم کریں۔