وزیراعلیٰ محسن نقوی کا پی آئی سی کا دورہ، علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ
06-19-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے پی آئی سی کی ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت اور خیریت دریافت کی، وزیراعلیٰ نے مریضوں اور تیمارداروں سے پی آئی سی میں فراہم کردہ سہولتوں بارے استفسار کیا، محسن نقوی نے مریضوں سے بائی پاس اور انجیوگرافی کی سہولتوں بارے دریافت کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی میں انجیو پلاسٹی گائیڈنگ کیتھیٹرز کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو انجیو پلاسٹی گائیڈنگ کیتھیٹرز کی فوری فراہمی کے لئے موقع پر ہی ہدایات دیں، محسن نقوی نے ہارٹ اٹیک کے مریضوں کے لئے پرائمری انجیو گرافی کی مہیا کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا اور پی آئی سی میں صفائی کے انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رش کے باوجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف محنت سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے، پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پی آئی سی میں انجیو پلاسٹی گائیڈنگ کیتھیٹرز کی کمی کو دور کرنے کیلئے سیکرٹری صحت کو ہدایات جاری کردی ہیں۔