سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کا سرفراز احمد کو نائب کپتان بنانے کا مشورہ

06-18-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و وکٹ کیپر راشد لطیف نے سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نائب کپتان بنانے کا مشورہ دے دیا۔

سابق کپتان راشد لطیف نے ٹیم سلیکشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سیریز کیلئے سرفراز احمد کو محمد رضوان کی جگہ ٹیسٹ نائب کپتان مقرر کیا جانا چاہیے تھا، وہ تجربے اور کارکردگی میں ان سے کہیں زیادہ موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد رضوان اچھی فارم میں نہیں ہیں اور سرفراز احمد نے جس انداز میں قومی ٹیم میں واپسی کی ہے وہ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، سابق کپتان کی کارکردگی کے باعث انہیں پلئینگ الیون کا حصہ بننا چاہیے۔ راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز کی نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے رضوان کو نائب کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ جائز نہیں، اگر کوئی ٹیسٹ میں قائدانہ کردار کا مستحق ہے تو وہ شخص سرفراز ہے اور کوئی نہیں۔