شاہ پور کانجراں سمیت 9 مویشی منڈیاں کل سے فعال ہوں گی

06-17-2023

(لاہور نیوز) شاہ پور کانجراں سمیت 9 مویشی منڈیاں کل سے فعال ہوں گی۔ 8 عارضی مویشی منڈیاں "نو پرافٹ نو لاس" پر قائم کی جائیں گی۔

اس حوالے سے لائٹس ،پارکنگ، جنریٹر، صاف پانی اور بیت الخلا سب پر ٹیکس کی چھوٹ ہے۔ منڈیاں 18 جون تک فعال کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ سگیاں کے مقام پر 2 مویشی منڈیاں نہیں لگیں گی۔ شہر کے داخلی راستے پر ٹریفک کی روانی بہتر رکھنے کے لئے مویشی منڈیاں نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایک مویشی منڈی سگیاں سے آگے ڈوساکو چوک میں لگے گی۔ شاہدرہ، بند روڈ ،کریم پارک، بادامی باغ کے مکینوں کو دوسری منڈیوں کا رخ کرنا پڑے گا۔ کمشنر لاہور کی زیر صدارت مویشی منڈیوں اور عید انتظامات بارے اجلاس بھی ہوا۔ محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے آلائشوں کیلئے 106 کلیکشن پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ ڈی سیز اور اے سیز آلائشوں کی تلفی کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ شہر کے 8 عارضی پوائنٹس پر قربانی کے ہزاروں جانور پہنچ گئے۔ لکھوڈیر، کاہنہ کاچھا، ایل ڈی اے ایونیو ون، پائن ایونیو روڈ پر مویشی منڈیاں سہولتوں سے محروم ہیں۔ برکی روڈ اور مناواں ہسپتال کے قریب عارضی مویشی منڈیاں مکمل فعال نہ ہو سکیں۔ این ایف سی سوسائٹی مین ملتان روڈ اور سندر روڈ پر بھی منڈیوں میں سہولیات نہ دی گئیں۔ بکرا، چھترا، گائے، اونٹ کے لوڈنگ ریٹس کے نام پر بھتہ وصولی بھی جاری ہے۔ منڈیاں فعال ہونے سے قبل ہی بکرے کے 500 اور بڑے جانور کے ایک ہزار روپے ٹیکس وصول کیئے جا رہے ہیں۔ وزیر بلدیات ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ منڈیوں میں بھتہ خوری نہیں ہو رہی۔ نو پرافٹ نو لاس کی بناء پر مویشی منڈیاں فعال کی گئی ہیں۔