ممبر پنجاب بار کونسل کے گھر ڈکیتی اور ملازم کو قتل کرنیوالی خواتین گرفتار

06-17-2023

(ویب ڈیسک) ممبر پنجاب بار کونسل منیر بھٹی کے گھر ڈکیتی اور ملازم کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈکیتی اور قتل کی واردات میں ملوث 3 خواتین کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں ڈکیتی اور ملازم کے قتل میں گھر میں کام کرنے والی خواتین ہی ملوث تھیں، جنہیں سی آئی اے کینٹ پولیس نے 30 گھنٹے میں گرفتار کر لیا، گرفتار ہونے والی خواتین میں بسمہ زوہن، عنبرین اور کویتا مسیح شامل ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول شخص ممبر پنجاب بار کونسل کے گھر خانساماں تھا، جب کہ واردات میں ملوث خواتین بھی اسی گھر میں کام کرتی تھیں، خواتین نے گھرمیں داخل ہو کر سی سی ٹی وی کیمرے بند کیے، جس پر مقتول نے مزاحمت کی، تاہم تینوں خواتین نے مل کر اس کا گلا دبا کر مار دیا، اور موقع سے فرارہوگئیں۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا گیا ہےاور ان کے قبضے سے مال مسروقہ، نقدی،طلائی زیورات، گھڑیاں، چرائی گئی کلاشنکوف سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔