آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا مسابقتی توانائی ٹیرف بحال رکھنے کا مطالبہ

06-17-2023

(لاہور نیوز) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے مسابقتی توانائی ٹیرف بحال رکھنے کا مطالبہ کر دیا۔

اپٹما نے وفاقی وزیر خزانہ، سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی آن بجٹ کے چیئرمین، وفاقی وزیر تجارت، سیکرٹری تجارت کو خط لکھ دئیے۔ خط میں کہا گیا کہ سابق حکومت نے جب مسابقتی توانائی ٹیرف دیا تھا تو صرف دو برس میں ٹیکسٹائل برآمدات سات ارب ڈالر بڑھائیں لیکن اب ایکسپورٹ انڈسٹری کو مسابقتی ٹیرف ختم ہونے سے 10 ارب ڈالر کا نقصان ہو گا۔ ملکی ایکسپورٹرز حریف تجارتی ممالک کی صنعت سے مقابلہ نہیں کر سکیں گے اور عالمی منڈی میں اپنی پراڈکٹس کا مناسب ریٹ نہیں دے سکیں گے اور تجارتی آرڈرز کم ملیں گے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے گیس اور بجلی کا مسابقتی توانائی ٹیرف بحال رکھنے کا مطالبہ کیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آر ایل این جی ٹیرف 9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو رکھا جائے جبکہ بجلی ٹیرف 9 سینٹ فی یونٹ تک رکھے جائیں۔ حکومت نے چند ہفتے پہلے مسابقتی توانائی ٹیرف کی سہولت ختم کرتے ہوئے ایکسپورٹ انڈسٹری کا ٹیرف پر دیا جا رہا ریلیف واپس لے لیا تھا۔