کاروباری ہفتے میں کرنسی مارکیٹ میں مثبت رحجان، انٹربینک میں ڈالر معمولی مہنگا

06-17-2023

(لاہور نیوز) کاروباری ہفتے میں کرنسی مارکیٹ میں مثبت رحجان رہا۔ انٹربینک میں ڈالر معمولی مہنگا ہوا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے سستا ہو کر 300 روپے کی حد سے نیچے آ گیا۔

ڈالر اور روپے کی کشمکش جاری ہے۔ ریکارڈ تیزی کے بعد انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور روپے کی شرح تبادلہ میں غیر معمولی فرق کم ہونے لگا۔ کاروباری ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ 8 روپے کم ہوا جس سے ڈالر ریٹ 297 روپے تک آ گیا۔ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ کا فرق 10 روپے رہ گیا۔ گزشتہ ہفتے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں فرق 30 روپے تک پہنچ چکا تھا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اکثر معاشی اشاریے منفی ہونے کے باوجود ڈالر کی قدر میں کمی بہتر خیال کی جا رہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ زیادہ ہونے سے ترسیلات زر کے لئے ہنڈی کا استعمال بڑھ گیا تھا جس سے ترسیلات زر کی سرکاری سطح پر آمد کم ہو رہی تھی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا ہوا تاہم انٹر بینک ڈالر ریٹ میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ ہفتہ بھر میں سرکاری ریٹ 26 پیسے اضافے سے 287 روپے 19 پیسے تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے میں تاخیر سے روپے پر دباؤ کا خدشہ ہے لیکن چین سے ایک ارب ڈالر ملنے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آ سکتی ہے۔ روسی تیل کی چینی کرنسی میں خریداری سے بھی روپے کو سنبھالا مل سکتا ہے۔