پاکستانی دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا
06-17-2023
(ویب ڈیسک) پاکستانی دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
سینٹر فار سوشل جسٹس کی تیار کردہ پاکستانی دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ کو وینس انٹر کلچرل فلم فیسٹیول 2023 میں انسانی حقوق پر مبنی بہترین مختصر دستاویزی فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ دستاویزی فلم ’ہم سایہ‘ (Neighbour) کے ڈائریکٹر اور ایڈیٹر داؤد مراد نے لڑکیوں کے اغواء، جبری شادی، جبری تبدیلی مذہب جیسے معاشرتی مسائل پر مبنی کہانیوں کو شامل کر کے ان مسائل کو اجاگر کیا۔ دستاویزی فلم کی نمائش 16 جون کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں جبکہ 23 جون کو وینس، اٹلی اور دنیا بھر کے دیگر مقامات پر کی جائے گی۔ یہ فلم سی ایس جے کے مختلف تحقیقی اور وکالت کے کیسز پر مبنی ہے جو پاکستان میں انسانی حقوق، جمہوریت کی ترقی اور سماجی انصاف پر مرکوز ہے، دستاویزی فلم ”ہم سایہ“ میں لڑکیوں کے اغواء، جبری شادی، تبدیلی مذہب جیسی کہانیوں کو شامل کیا گیا ہے۔