سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز : قومی ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کیے جانے کا امکان

06-17-2023

(ویب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں نئے چہروں کی شمولیت کا امکان ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 16 سے 28 جولائی 2023 تک کھیلے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیم میں عمیر بن یوسف، محمد ہریرہ اور عامر جمال کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے، سری لنکا سے سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم میں وکٹ کیپر سرفراز احمد اور فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ برقرار رہے گی تاہم میر حمزہ اور زاہد محمود کا ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر وسیم جونیئر بھی سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ فخر زمان کی فی الحال ریڈ بال کرکٹ میں واپسی پر سلیکٹرز میں اتفاق نہیں ہوا ہے تاہم شاہین آفریدی کی ریڈ بال ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق دورہ سری لنکا کی تیاریوں کے لیے قومی کرکٹرز کا کیمپ کراچی میں لگایا جائے گا، قومی کرکٹرز 3 سے 9 جولائی کے درمیان سری لنکا روانہ ہوجائیں گے۔