سابق گورنر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ درج
06-17-2023
(لاہور نیوز) سابق گورنر پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ اے ایس آئی نیاز احمد کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس اے میں درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ لطیف کھوسہ کے گھر کے اطراف لگے کیمروں سے ملزمان کی تصاویر پولیس کو موصول ہوگئی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ کرنے والے چار ملزمان تھے، دو ملزمان موٹرسائیکل پر اور دو پیدل تھے جبکہ ملزمان کی ڈی ایچ اے ناکہ سے گزرنے کی تصاویر بھی حاصل کرلی ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا ڈرائیور زخمی ہوا، جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سردار لطیف کھوسہ کا واقعہ کے بعد کہنا تھا کہ اس طرح کے حربوں سے وکلاء کی تحریک کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، ہم چیف جسٹس کے پیچھے کھڑے ہیں،اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کچھ نہیں ہوگا۔