پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت، وہ چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے، شہباز شریف

06-16-2023

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت ہے، وہ چوتھی بار ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل کونسل کا اجلاس متعدد بار اس لیے موخر کرایا کہ نوازشریف وطن واپس آئیں تو میں امانت ان کے حوالے کروں، مجھے یہ جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ نوازشریف کی امانت ہے، الیکشن کمیشن  کی تلوار لٹک رہی تھی اس لیے آج اجلاس منعقد کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز باہمت خاتون ہے، دن رات محنت کر رہی ہے اور مشکل حالات کا مقابلہ کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آئیں گے تو سیاسی نقشہ بدل جائے گا، نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کئے، ملک میں موٹرویز بنائیں، اتحادی حکومت کو ہم سب مل کر چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں اب نوجوان لیڈر شپ کی ضرورت ہے، اسحاق ڈار دن رات محنت کر رہے ہیں،بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دیا گیا، سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا گیا، پاکستانی قوم نے بڑی بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے، ملک جلد ترقی کے راستے پر گامزن ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا، نواز شریف پاکستان کا معمار ہیں، وہ چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے، نواز شریف کی قیادرت میں ملک ترقی کرے گا، پاکستان کے عوام نے گھبرانا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے آج بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے  والوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں، ایک شخص نے عوام کے ذہن میں ہمارے لیے زہر گھول دیا،شہباز شریف نے کہا کہ  نواز شریف نے کشمیر کے بارے میں جامع پالیسی بنائی تھی، پاکستان کا بچہ بچہ کٹ سکتا ہے لیکن کشمیر پر سودا نہیں ہو سکتا۔