ورزش کرنے سے جسمانی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟جانئے

06-16-2023

(ویب ڈیسک)ماہرین نے ورزش سے جسمانی صحت پر ہونے والے اثرات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں زیادہ تر بیماریوں کی وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ ورزش نہ کرنا ہے،یہ تو عام مشاہدے کی بات ہے کہ ہم لوگ سارا دن کھانے پینے میں مصروف رہتے ہیں۔ گھروں، ہوٹلوں، حجروں، فٹ پاتھوں یا دیگر تفریحی مقامات میں بیٹھے گھنٹوں گپ شپ میں لگے رہتے ہیں۔ اس کے لیے ہمارے پاس وقت بھی زیادہ ہوتا ہے اور پیسے بھی وافر ہوتا ہے۔ دوسری طرف ’مصروفیات‘ کی وجہ سے واک، جاگنگ یا ورزش کے لیے20 ، 30  منٹ نکالنا بھی ہمیں مشکل دکھائی دیتا ہے۔ عام آدمی بھی جانتا ہے کہ ورزش کے کیا فوائد ہیں اور صحت مند طرز زندگی سے ہم بیماریوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ ورزش اور دماغی صحت کا آپس میں گہرا تعلق ہے کیونکہ یہ ہمارے سیکھنے کے عمل کو بہتر کرتی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق تھوڑی دیر ورزش کرنے سے وہ جین سرگرم ہوتے ہیں جو دماغی خلیات کے باہمی رابطوں کو بہتر بناتے ہیں۔صرف ایک مرتبہ ورزش کے بعد بھی دماغی سرگرمی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے  خون کی بہتر فراہمی اور نیورونز کے درمیان بہتر روابط ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں نے ایک تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ ورزش سے اعصابی لچک (نیورو پلاسٹی سٹی) میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کیفیت میں دماغی خلیات (نیورون)کی وائرنگ اور ترتیب بدلتی رہتی ہے۔ یہ عمل سیکھنے اور نئے ہنر کو سمجھنے میں بہت مددگار ہوتا ہے۔ دماغی لچک کا عمل پوری زندگی جاری رہتا ہے اور نت نئی باتیں سیکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔