الیکشن نہ بھی ہوتا تب بھی بجٹ ایسا ہی پیش کرتے: اسحاق ڈار

06-16-2023

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی، اگلے مالی سال میں ساڑھے 3 فیصد جی ڈی پی گروتھ ہدف بآسانی حاصل کر لیں گے۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ الیکشن نہ بھی ہوتا پھر بھی بجٹ ایسا ہی پیش کرتے، ایف بی آر کا 9 ہزار 200 ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ہدف سائنسی بنیادوں پر رکھا گیا،ایف بی آر کا نئے مالی سال کا ہدف غیر حقیقی نہیں ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ مہنگائی اور شرح نمو کے حساب سے ٹیکس کا ٹارگٹ رکھا جاتا ہے، بجٹ میں 223 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات شامل کئے گئے ہیں، اس سال 9 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان رجسٹرڈ کئے گئے، 7 لاکھ ہدف کے بجائے 9 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان شامل ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی ہے، اقتصادی جائزے میں تاخیر کی وجہ سے بجٹ  سٹریٹجی پیپر بھی تاخیر کا شکار ہوا، اگلے مالی سال ساڑھے 3 فیصد جی ڈی پی گروتھ ہدف بآسانی حاصل کر لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ  نوجوان طبقہ، خواتین کو بااختیار بنانا اور اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام حکومت کی ترجیح ہے، بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر اور ایس ایم ایز پر توجہ دی ہے۔اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اس سال اوسط مہنگائی 29 فیصد اور کور انفلیشن 20 فیصد ہے، سرکاری ملازمین سب سے زیادہ پسا ہوا طبقہ ہے، پنشنرز کو بھی مہنگائی کے تناسب سے ریلیف دیا گیا ہے۔