الیکشن کمیشن کی عوام کو 13 جولائی تک ووٹوں کے اندراج کی ہدایت

06-16-2023

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ 13 جولائی سے قبل اپنے ووٹوں کا اندراج کروالیں بصورت دیگر انتخابی فہرستیں منجمد کر دی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ عوام کے پاس 13 جولائی تک ووٹ کا اندراج کروانے کا یہ آخری موقع ہے اس سے فائدہ اٹھائیں اور اپنا قومی شناختی کار نمبر8300 پر بھیج کر اپنا ووٹ چیک کریں اور 13 جولائی 2023ء سے پہلے اپنا ووٹ رجسٹر کروائیں۔ خیال رہے کہ موجودہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی میعاد رواں سال اگست میں ختم ہو رہی ہے اور آئین کے مطابق آئندہ عام انتخابات 13 اگست کو موجودہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے 60 دن کے اندر ہونے ہیں۔ واضح رہے الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت انتخابی فہرست میں اس دن سے 30 دن پہلے شروع ہونے والی مدت کے دوران کوئی نظرثانی یا تصحیح نہیں کی جا سکتی ہے جس دن کسی اسمبلی یا مقامی حکومت کی میعاد ختم ہونے والی ہو۔