چڑیا گھر میں جانوروں کو گرمی سے بچانے کے انتظامات مکمل

06-16-2023

(لاہور نیوز) گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کو گرمی سے بچانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

شدید گرمی کے باعث انسانوں کیساتھ ساتھ جانور، پرندے اور حشرات بھی متاثر ہو رہے ہیں،درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے چڑیا گھر میں موجود جانورگرمی سے نڈھال ہو کر رہ گئے ہیں۔  چڑیا گھر انتظامیہ نے جانوروں کو گرمی سے بچانے کے لیے گرین شیٹس کا استعمال شروع کردیا ہے، پنجروں میں پنکھے اور کولرلگانے کے ساتھ برف کے بلاک بھی رکھے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر چڑیا گھر کرن سلیم کا کہنا ہے کہ جانوروں کو گرمی سے بچانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، انسانوں کی طرح جانوروں پر بھی موسم کے اثرات مرتب ہوتے ہیں،  چڑیا گھر میں ہر ممکن کوشش کی  جاتی ہے کہ جانوروں کو گرمی  کی شدت سے بچایا جا سکے۔