بلدیاتی اداروں کی خدمات کو جلد ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے: نگران وزیر بلدیات

06-16-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی تمام خدمات کو بہت جلد ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے۔

نگران وزیر ابراہیم مراد نے قصور میں اجلاس کی صدارت کی جس میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور جاری منصوبوں  کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر نے دربار بابا بلھے شاہؒ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، ابراہیم مراد نے مصطفیٰ آباد میں اخوت یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، ڈاکٹر امجد ثاقب نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور تدریسی عمل پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت اور معیار کے ساتھ بروقت مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کیمطابق محکمہ بلدیات میں بہتری لا رہے ہیں، پنجاب میں "اب گاؤں چمکیں گے" پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، پروگرام کے تحت دیہات میں شہروں کی طرز پر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے بلدیاتی ادارے کردار ادا کریں۔